بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل) سابق مشیر وزیراعظم آزاد کشمیر اور حلقہ نمبر 6 سماہنی سے اُمیدوارِ اسمبلی راجہ ظفر بیربل نے اسفندیار ہاؤس بھمبر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق سے خصوصی ملاقات کی ۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں حلقہ سماہنی کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور پارٹی تنظیم سازی کے حوالے سے اہم نکات زیر بحث آئے ۔
راجہ ظفر بیربل نے اس موقع پر اپنے حلقے میں جاری عوامی رابطہ مہم، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کے ٹکٹس فائنل نہیں ہوئے،فیصلہ نوازشریف کرینگے، طارق فاروق
انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے، اور وہ اپنی سیاسی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے ۔
چوہدری طارق فاروق نے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کو مضبوط بنانے، کارکنان کو متحرک کرنے اور آئندہ انتخابات میں بہتر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور عوام کا اعتماد حاصل کرے گی ۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پارٹی کے نظریے کو گھر گھر پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی اور کارکنان کو متحرک رکھنے کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کارکنوں نے پارٹی قیادت کے ناقابل قبول فیصلے دل پرپتھر رکھ کر برداشت کئے، طارق فاروق
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیا جائے گا اور کامیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔




