ذیشان حیدر

میرے پاس باشعور، تعلیم یافتہ اور مخلص عوام کی طاقت ہے : ذیشان حیدر

پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر و سابق اُمیدوار اسمبلی حلقہ چھ جہلم ویلی سید ذیشان حیدر کے اعزاز میں سعودی عرب کے علاقے القصیم میں مختلف مقامات پر منعقدہ کارنر میٹنگز میں جہلم ویلی حلقہ 6سے تعلق رکھنے والی مختلف برادریوں نے آئندہ انتخابات میں ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق تین مختلف مقامات پر ہونے والی ان کارنر میٹنگز میں درجنوں افراد نے اپنے اہل خانہ اور خاندانوں سمیت شرکت کی اور موروثی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے سید ذیشان حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔

شرکاء میں اوورسیز کشمیری کمیونٹی، نوجوان، تعلیم یافتہ اور باشعور افراد کی بڑی تعداد شامل تھی، جنہوں نے نئی اور باصلاحیت قیادت کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان حیدر نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس وسائل، سکیمیں، ز کوٰۃ فنڈز کا ناجائز استعمال اور برادری ازم کی سیاست ہے، جبکہ میرے پاس صرف باشعور، تعلیم یافتہ اور مخلص عوام کی طاقت ہے ۔

انشاءاللہ یہی شعور اور عوامی طاقت آئندہ انتخابات میں ہماری کامیابی کی بنیاد بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہلم ویلی کے عوام اب روایتی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں اور ایک حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں جو صرف میرٹ، دیانتداری اور وژن کے ذریعے ممکن ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما ذیشان حیدر کی عوامی رابطہ مہم تیز ،کارکنوں کو تیار رہنے کا حکم

منشور کے اہم نکات بیان کرتے ہوئے سید ذیشان حیدر نے کہا جہلم ویلی میں سمارٹ ایگریکلچر پروگرام کے ذریعے زرعی شعبے کی جدید بنیادوں پر ترقی، نوجوانوں کیلئے آئی ٹی، ای کامرس اور ڈیجیٹل اسکلز پروگرامز کا آغاز کریں گے ۔

تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ماڈرن تعلیمی اداروں اور ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس کا قیام، صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے ۔

سیاحت کے فروغ کیلئے جہلم ویلی کو ایک ماڈل ٹورازم ڈیسٹینیشن بنانا، اوورسیز کشمیریوں کیلئے خصوصی سہولتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع، گڈ گورننس، شفافیت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اور قابل عمل نظام کا نفاذ ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جہلم ویلی کے عوام کی اُمیدوں پر پورا اتریں گے اور ایک ایسی قیادت فراہم کریں گے جو حقیقی معنوں میں عوامی نمائندگی کا حق ادا کرے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی اور ن لیگ ملکر الیکشن میں دھاندلی کا ماحول پیدا کررہی ہیں،ذیشان حیدر

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سید ذیشان حیدر کے حق میں نعرے لگائے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے ان کا ساتھ دیں گے ۔

Scroll to Top