اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی نائب صدر و ممبر منشور کمیٹی مریم ادریس نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں آئندہ ہونے والےانتخابات میں کامیابی ن لیگ کا مقدر ہوگی ۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے میرپور کے حلقہ ایل اے ٹو کے دورے کے دوران کارکنان کا جوش و جذبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کیساتھ کھڑی ہے اور کشمیری عوام قائد میاں محمد نواز شریف کے تعمیر و ترقی کے وژن پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل، تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ضروریات کی تکمیل ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا ئینگے تاکہ خطے کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راجہ فاروق حیدر خان کا دورہ کوٹلی، مسلم لیگ ن میں نئی جان ڈال دی
انہوں نے کہا کہ امیر مقام کے دورے کے موقع پر منعقدہ جلسہ بھرپور عوامی شرکت کی بدولت انتہائی کامیاب رہا، جس میں بزرگوں، نوجوانوں اور بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
نون لیگ کے پاور شو میں عوامی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ لوگ باشعور ہو چکے ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے سنجیدہ ہیں ۔
مریم ادریس نے کہا کہ پاکستان نے ہر محاذ پر بھارت کو شکست دی ہے، چاہے وہ جنگی میدان ہو یا سفارتی سطح، اور اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مزید مؤثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے ۔
انہوں نے زور دیا کہ بیس کیمپ کو مضبوط بنا کر عالمی برادری کو متحرک کیا جائے تاکہ بھارت پر دباؤ ڈالا جا سکے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلایا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم تیز، پی ٹی آئی،پیپلزپارٹی کی مشکلات میں اضافہ
انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور عوامی مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور خوشحالی کے فروغ پر مبنی ہے، اور اس پر عملدرآمد کے ذریعے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائیگا ۔




