اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات اس وقت تک معمول پر نہیں آ سکتے جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ۔
سینٹر فار پیس اینڈ پراگریس کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان’’ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری کے ذریعے امن کی تلاش‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے لطیف اکبر نے کہا کہ کشمیری عوام پاک بھارت تعلقات میں رکاوٹ نہیں ہیں، بھارت نے ہٹ دھرمی کا رویہ اپنایا ہوا ہے اور وہ مسلسل کشمیریوں کو ان کا جائز حق خودارادیت دینے سے انکار کر رہا ہے ۔
سیمینار میں فاروق عبداللہ ،اے ایس دلت ،ابئر مارشل (ر) کپل کاک ،جلیل عباس جیلانی ،جاوید جبار ،امتیاز عالم اور حسن الحق سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی اور پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا ۔
سپیکر نے مزید کہا کہ دونوں طرف کی قیادت کو مل بیٹھنے کا موقع ملنا چاہیے اور اس طرح کے سیمینارز منعقد کئے جانے چاہئیں تاکہ نئی تجاویز آئیں اور نئے خیالات کو سننے کا موقع ملے اس طرح ہم مسئلے کے حل کی طرف جا سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات نے مسئلے کو اور زیادہ پیچیدہ بنا دیا بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کی کوشش کی اور اب بھی وہ غیر ریاستی باشندوں کو بسا کر یہی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت 5 اگست کے اقدامات کو واپس لے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کرے وہاں شہری آزادیوں کو بحال کرے تاکہ ماحول کو بہتر بنایا جا سکے ۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنا عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہے، دونوں طرف کی قیادت کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا جائے اس کے ساتھ ساتھ دنوں طرف کے لوگوں کو بھی انٹرکشن کا موقع دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آر پار تقسیم ہونیوالی فیملیز کو آنے جانے کی اجازت دی جائے اور بارڈر کو مزید سوفٹ کیا جائے، ہمیں یورپ سے سبق لینا چاہیے جس نے کئی سال کی جنگوں کے باوجود علمی بحثیں جاری رکھیں اور بالآخر ایک دوسرے کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے اصول پر اکٹھے ہو گئے
پاکستان اور بھارت کی قیادت کو بھی بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا ہو گا تاکہ خطہ ترقی کرے اور اسکے اثرات عام آدمی کو منتقل ہوں کیونکہ دنوں جانب عام آدمی کی حالت ناگفتہ بہہ ہے ۔
سیمینار کے آغاز پر سینٹر فار پیس اینڈ پراگریس کے کے چییرمین او پی شاہ نے اوپننگ ریمارکس دئیے اور مہمانوں کو اس اہم موضوع پر اظہار خیال کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: آمدرمضان ، مہنگائی پر عوام سٹپٹا اٹھے،کئی شہروں میں سستے بازا ر بھی قائم