اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تمام تعلیمی ادارے مسلسل چار روز کے لیے بند رہیں گے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے شہر میں بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں اور سکیورٹی کے پیشِ نظر 9 اور 10 اپریل کو مقامی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
آفس آف ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو اسلام آباد کی ریونیو حدود میں عام تعطیل ہوگی۔ چونکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے ہی زیادہ تر اسکولوں اور کالجوں میں ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے، اس لیے طلبہ کو مجموعی طور پر چار دن کی تعطیلات ملیں گی۔ تاہم نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ضروری سرکاری دفاتر اور عوامی خدمات فراہم کرنے والے ادارے ان تعطیلات کے دوران بھی اپنا کام جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور اسلام آباد میں اہم شاہراہیں بند: ٹریفک پولیس کا متبادل پلان جاری
یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والی اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کے باعث سخت انتظامی اور سیکیورٹی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔ پاکستان آئندہ دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے تاریخی مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت دی ہے، جس کے باعث دارالحکومت کو عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی مرکز کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔




