نیلم: دواریاں کے مقام پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں دریائے نیلم میں بہہ جانے والے گاڑی کے ڈرائیور نذیر ولد مطیع اللہ کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) نیلم کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) نے واٹر ریسکیو کی ایک پیشہ ور ٹیم موقع پر روانہ کی ہے۔ اس ٹیم نے پہنچتے ہی سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس مشن میں ماہر اہلکار تنویر احمد، نعیم احمد، ساجد محمود، سراج الحق اور عمران خان شامل ہیں جو دریا کی لہروں میں لاپتہ ڈرائیور کو تلاش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم: دواریاں کے مقام پر گاڑی دریا میں جا گری، 3 افراد زخمی، ڈرائیور لاپتہ
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی پریس ریلیز کے مطابق یہ حادثہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب شاردہ سے مظفرآباد جانے والی ایک آلٹو کار دواریاں کے مقام پر بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جا گری۔ مقامی افراد، پولیس اور پاک فوج نے پانچ گھنٹوں کی کٹھن جدوجہد کے بعد گاڑی کو دریا سے نکال لیا۔ حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم گاڑی کا ڈرائیور تاحال لاپتہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس تلاش میں تعاون کریں تاکہ سرچ آپریشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔




