انتخابات کے عالمی معیار پر پورا اتریں گے: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر میں ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس کے دوران کہی۔ اس اجلاس کا مقصد پاکستان میں مقیم مہاجرین کے حلقوں کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے رجسٹریشن افسران کو انتخابی فہرستوں کی تیاری کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صاف اور شفاف انتخابی فہرستیں ہی منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہوتی ہیں۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ کام کریں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا انتخابی فہرستہا کے نظر ثانی عمل میں توسیع کا اعلان

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ 2021 کی انتخابی فہرستوں کو بنیاد بنا کر نئے ووٹرز کا اندراج کیا جا رہا ہے۔ نئے اندراج اور تبدیلیوں کے لیے آخری تاریخ یکم اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران کے تعاون سے ایسی ووٹر فہرستیں تیار ہوں گی جو 2026 کے عام انتخابات میں شفافیت کی ضمانت بنیں گی۔

ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے رجسٹریشن کے قوانین پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے حلقوں میں ووٹ کے لیے “سٹیٹ سبجیکٹ” کا ہونا لازمی شرط ہے۔ جموں اور ویلی کے ووٹرز کی فہرستیں الگ الگ تیار کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے مستقل رہائشی افراد مہاجرین کے حلقوں میں ووٹ درج نہیں کرا سکتے اور نہ ہی وہاں سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: الیکشن کی شفافیت کیلئے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن ناگزیز ، عبدالقیوم نیازی

شفافیت کے لیے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل تصدیقی کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں ان افراد کے بارے میں فیصلہ کریں گی جن کے پاس سٹیٹ سبجیکٹ موجود نہیں۔ منگلا ڈیم کے متاثرین کو جموں کی فہرستوں میں شامل کیا جائے گا۔ فارم-بی رکھنے والے وہ نوجوان جو 18 سال کے ہو چکے ہیں وہ اپنا نام درج کروا سکتے ہیں مگر ووٹ کے لیے شناختی کارڈ ضروری ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا تعاون پر شکریہ ادا کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔

Scroll to Top