مظفر آباد ،قصابوں کا سرکاری نرخ پر گوشت فروخت کرنے سے انکار، دکانیں بند کردیں

مظفرآباد(مسعود الرحمن عباسی)دارالحکومت مظفرآباد میں قائم مٹن مارکیٹ کے قصابوں نے سرکاری نرخ کوکم قرار دیتے ہوئے گوشت فروخت کرنے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں رمضان کے آغاز پر شہریوں نے گوشت خریدنے کیلئے مارکیٹ کا رخ کیا لیکن آگے قصابوں نے دکانیں ہی بند کردیں جس پر شہریوں کو خالی ہاتھ ہی واپس لوٹنا پڑا،دکانوں کی بندش پر انتظامیہ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے مٹن مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری یاسرگیلانی نے کہا ہم ڈپٹی کمشنرز سے جاری ریٹس پر کسی بھی صورت گوشت فروخت نہیں کر پائیں گے۔

آزادکشمیر میں کوئی مویشی منڈی نہیں ہے، پنجاب اورپختونخوا سے مہنگے مویشی لا کر سستا گوشت کیسے فروخت کرسکتےہیں؟ پنجاب اور پختونخوا کے بھی ریٹ چیک کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ظالم نہیں ہیں کہ لوگوں کو مہنگا گوشت فروخت کرینگے، رمضان کی وجہ سے گوشت کی مانگ بھی زیادہ ہو گئی،ہمیں اٹک، مانسہرہ، ٹیکسلا سے جا کر مویشی لانا پڑتے ہیں۔

ہمیں ایڈیشل ڈپٹی کمشنر نے ہڈی والے بڑے گوشت کی 750اور بغیر ہڈی والے کی 850 روپے فی کلو قیمت دی ہے جس پر گوشت نہیں بیچ سکتے ہیں،ہماری ہڑتال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہماری شکایات سنیں،سلاٹر ہائوس کے بغیر ہی انتظامیہ کو ٹیکس بھی دے رہے ہیں، پنجاب اور پختونخوا کے ریٹ چیک کرکے ہمیں ریٹ دیئے جائیں تب ہی گوشت فروخت کرسکیں۔

یاد رہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمظفرآباد نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بغیر ہڈی کے بیف کے گوشت کی قیمت 750 روپے اور مٹن کی قیمت 1300 روپے فی کلو مقرر کی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر آباد ،نااہل انتظامیہ ڈیڈلائن دے کر بھی غیر قانونی اڈے ختم نہ کراسکی

Scroll to Top