سویلین تباہی کی دھمکی: کانگریس ارکان کا صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے اور 25ویں ترمیم کے استعمال کا مطالبہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پوری ایرانی تہذیب کو ختم کرنے کی دھمکی نے امریکہ کے اندر ایک نیا سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے، جس کے بعد کانگریس کے ایک چوتھائی سے زائد ڈیموکریٹس نے صدر ٹرمپ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، ڈیموکریٹک ارکان کی ایک بڑی تعداد نے صدر ٹرمپ کے اقدامات اور ان کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مواخذے کے ذریعے یا پھر کابینہ کی جانب سے امریکی آئین کی 25ویں ترمیم کے تحت طاقت سے محروم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، ٹرمپ نے جنگ بندی میں 2ہفتے کی توسیع کردی

کئی ڈیموکریٹک ارکان نے صدر ٹرمپ کے ذہنی توازن پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ معصوم شہریوں اور سویلین آبادی کو تباہ کرنے کی دھمکی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ٹرمپ صدارت کے عہدے کے لیے ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں۔ ارکانِ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس طرح کی دھمکیاں غیر ذمہ دارانہ ہیں اور ملک کو خطرناک نہج پر لے جا سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوری ایرانی تہذیب کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دی تھی، جس پر نہ صرف امریکہ کے اندر بلکہ عالمی سطح پر بھی شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کے اس رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی دھمکیوں و ڈیڈلائن پر ایران کا بھی سخت ردعمل،دوٹوک جواب دیدیا

Scroll to Top