ملک بھر میں بارشیں ہی بارشیں: آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ، مزید بارش کی پیشگوئی

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے جہاں ایک طرف موسم خوشگوار ہو گیا ہے، وہیں دوسری طرف مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ بارشوں کے نتیجے میں دولائی کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس سے مرکزی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق سڑک کی بحالی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔ مسافروں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ راستوں کا انتخاب کریں۔

دوسری جانب راولاکوٹ میں شدید بارش اور گھنی دھند کے باعث تا حدِ نگاہ بہت کم ہو گئی ہے۔ سڑکیں پھسلن زدہ ہیں جس سے سفر کے دوران خطرات بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور صرف ضرورت کے تحت ہی سفر کریں۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری: حکومت نے نئے پینشن فنڈز کی منظوری دے دی

ملک کے دیگر حصوں کی صورتحال:

خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی رات بھر تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں اور بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پشاور، مردان، صوابی اور سوات کے کئی علاقوں میں متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے رات سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، مری، گلیات اور راولپنڈی سمیت مختلف مقامات پر مزید موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں فی الحال اربن فلڈنگ کا خدشہ نہیں ہے، تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بجلی کے تاروں سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں: بارشوں، برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی،کہاں کہاں بادل گرجیں گے؟

Scroll to Top