سپریم کورٹ آف پاکستان اور ترکی کی آئینی عدالت کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط، چیف جسٹس آزاد کشمیر کی شرکت

چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر، جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں شرکت کی ہے۔

اس تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور جمہوریہ ترکی کی آئینی عدالت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس اہم مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی اعلیٰ عدلیہ کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ذریعے قانونی مہارت کا تبادلہ کیا جائے گا اور جدید عدالتی طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالتی احکامات کی خلاف ورزی مہنگی پڑی،نائب تحصیلدار کے وارنٹ گرفتاری جاری

تقریب کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور ترکی کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزکایا نے مفاہمتی یادداشت پر باقاعدہ دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس اور معزز ججز بھی موجود تھے۔ تقریب میں مختلف صوبوں کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان، ڈسٹرکٹ جوڈیشری، وکلاء اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید برآں، شام کے وقت چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ایک خصوصی اعشائیہ بھی منعقد کیا گیا۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے اس اعشائیہ میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے معزز مہمانوں کے ساتھ غیر رسمی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر پر سخت کارروائی ہو گی، چیف جسٹس آزادکشمیر کا انتباہ جاری

Scroll to Top