میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر میں گاڑیوں کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن ،آن لائن ٹیکس ادائیگی میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے ، محکمہ ان لینڈ ریونیو آزادکشمیر کے حکام اور پنجاب آئی ٹی بورڈنے جلد معاہدہ کرنے پر اتفاق کرلیاہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر ان لینڈریونیو سیدانصر علی کی صدارت میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے نمائندگان اور محکمہ ان لینڈریونیو کے افسران کے مابین کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر میں صوبوں اور اسلام آباد کی طرز پر جدید ترین سنٹرلائزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے نفاذ کے بارے تفصیلی بات چیت ہوئی اور مجوزہ سوفٹ ویئر اور اس کی ورکنگ کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث لائے گئے۔
اسلام آباد اور صوبوں میں موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت فعال ہے جسکی بدولت گاڑیوں کی رجسٹریشن کے واجبات اور موٹر ٹیکس کی ادائیگی آن لائن طریقہ کار یا موبائل ایپ کے ذریعے بھی ممکن ہے۔
پنجاب آئی ٹی بورڈ کے نمائندگان نے بتایا کہ وہ آزاد کشمیر کو جدید سہولیات سے آراستہ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم فری آف کاسٹ دینے کے خواہاں ہیں البتہ تکنیکی ٹیم کے سروس چارجز حکومت آزا دکشمیر کے ذمے ہونگے۔
پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈیٹا سنٹر بھی فراہم کریگااس کے چارجز بھی آزاد حکومت ہی ادا کریگی۔پنجاب آئی بورڈ نے بتایا کہ انکی طرف سے اینٹی کار لفٹنگ سسٹم آزادکشمیر پولیس کو فراہم کیا جا چکا ہے جس کی بدولت گاڑیوں کی چوری کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کی بابت تحریری معاہدہ عمل میں لانے کی صورت میں 3سے 6 ماہ کے دوران جدید ترین رجسٹریشن سسٹم کی سہولیات آزاد کشمیر کو فراہم کر دی جائیں گی۔
ترجمان محکمہ ان لینڈ ریونیو نے بتایا کہ ہم جلد ہی سنٹرلائزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم متعارف کروانے جار ہے ہیں جس کی بدولت رجسٹریشن فیس اور موٹر ٹیکس واجبات کی ادائیگی آن لائن موبائل ایپ یا آن لائن طریقہ کار سے کی جا سکے گی ۔
اس حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ حکومت پنجاب کے نمائندگان سے بات چیت جاری ہے اور امید واثق ہے کہ جلددستاویزی معاملات مکمل کرکے یہ جدید ترین سسٹم آزاد کشمیرمیں نافذ کر دیا جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں: گیلانی لاء چیمپبر کے زیراہتمام 3 ماہ کی لیگل ٹریننگ کورس مکمل،وکلاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم