ریاض: عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستانی عازمینِ حج کے لیے فضائی کرایوں سے متعلق بڑی خوشخبری آگئی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستانی حج زائرین کے لیے فضائی کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے، جہاں مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، محمود الحق ڈوگر، عدنان اقبال بٹ اور دیگر لیگی عہدیداروں و کارکنان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے دورے پر حج انتظامات کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج 2026 کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
سردار محمد یوسف نے حج 2026 کے شیڈول کے حوالے سے بتایا کہ 18 اپریل سے پاکستانی عازمینِ حج کا سعودی عرب پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس سال سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے بھرپور تعاون سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین کی رہائش، کھانے پینے اور سفری سہولیات کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد پاکستانی عازمینِ حج حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز ترین سفری سہولت حاصل کر سکیں گے، جبکہ ایامِ حج کے دوران مشاعرِ مقدسہ منیٰ، مزدلفہ اور میدانِ عرفات میں بھی عمدہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2026: عازمینِ حج کی پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی، وفاقی وزیرکا اہم اعلان
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے تعاون سے خطے کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر باہمی اشتراک کے ساتھ حج آپریشن کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حج 2026 کے لیے پاکستانی عازمین کو فضائی کرایوں میں کسی قسم کے اضافے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، کیونکہ حکومتِ پاکستان نے ایئرلائنز کے ساتھ پہلے ہی معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت طے شدہ پیکیج کے مطابق ہی عازمین کو سعودی عرب منتقل کیا جائے گا۔




