ماہرینِ فلکیات نے عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق اس سال عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اماراتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امارات فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فلکیاتی حسابات کی روشنی میں 18 مئی کو یکم ذوالحجہ متوقع ہے، جبکہ یومِ عرفہ 26 مئی کو ہونے کا امکان ہے، اسی بنیاد پر عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائے جانے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آپریشن وعدہ صادق 4 کی 97 ویں لہر:متحدہ عرب امارات میں 25 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بڑا دعویٰ
ماہرین فلکیات کے مطابق ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو پیدا ہوگا اور اس روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر اور اس کی بلندی ایسی ہوگی کہ اسے دیکھے جانے کے امکانات موجود ہوں گے۔ یہ عوامل چاند کی رویت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اسی بنیاد پر قمری مہینے کے آغاز کا تعین کیا جاتا ہے۔ ذوالحجہ کا چاند 17 مئی بروز اتوار، متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔ اس کے بعد مختلف ممالک میں رویتِ ہلال کمیٹیاں چاند دیکھنے کی کوشش کریں گی تاکہ نئے قمری مہینے کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اگرچہ فلکیاتی حسابات جدید سائنسی بنیادوں پر کیے جاتے ہیں، تاہم اسلامی تقویم میں چاند کی رویت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ اسی لیے عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے روایتی طریقہ کار کے مطابق چاند نظر آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ ماہرین نے واضح کیا ہے کہ حتمی فیصلہ رویتِ ہلال کے بعد ہی ہوگا لیکن موجودہ سائنسی اعداد و شمار 27 مئی کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔




