امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ امریکا، ایران اور علاقائی ثالثوں پر مشتمل ایک گروپ ممکنہ طور پر 45 روزہ جنگ بندی کی شرائط پربات چیت جاری ہے۔
امریکی ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا، ایران اور علاقائی ثالثوں کا یہ گروپ 45 دن کی ایسی جنگ بندی کی شرائط پر بات چیت میں مصروف ہے جو مستقبل میں جنگ کے مستقل خاتمے کی بنیاد بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کیخلاف متنازع بیان، ٹرمپ کو دنیا بھر میں تنقید کا سامنا،امریکی اینکرز بھی الفاظ دہرا نہ سکے
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آنے والے 48 گھنٹوں کے دوران کسی بھی جزوی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات فی الحال کم نظر آتے ہیں، تاہم یہ آخری کوشش جنگ کی شدت میں اضافے کو روکنے کے لیے واحد موقع قرار دی جا رہی ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ثالث اس وقت دو مرحلوں پر مبنی ایک ڈیل کی شرائط پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ ممکنہ طور پر 45 روزہ جنگ بندی پر مشتمل ہوگا، جس کے دوران جنگ کے مستقل خاتمے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ایران میں گرائے گئے جنگی طیارے کے پائلٹ کو بچا لیا گیا، ٹرمپ کا خطرناک فوجی آپریشن کا اعلان
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈیل کا دوسرا مرحلہ جنگ کے خاتمے پر ایک باضابطہ معاہدہ ہوگا، اور اگر مذاکرات کو مکمل کرنے کے لیے مزید وقت کی ضرورت پڑی تو جنگ بندی کی مدت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اس پوری رپورٹ پر وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ نے کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔




