مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) تحصیل نصیر آباد کے علاقے پہالیاں سے محکمہ وائلڈ لائف نے ایک بیمار مادہ تیندوا ریسکیو کر لیا ۔
مقامی افراد نے پہاڑی نالے کے کنارے تیندوا کو دیکھ کر فوری طور پر وائلڈ لائف حکام کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تیندوے کو محفوظ حالت میں ریسکیو کیا ۔
ڈائریکٹر وائلڈ لائف عبدالشکور کٹاریہ نے بتایا کہ یہ مادہ تیندوا تقریباً دو سال کی عمر کی ہے اور اس کی حالت تشویشناک تھی ۔
ابتدائی معائنے کے بعد اسے فوری طور پر اسلام آباد وائلڈ لائف کیئر سینٹر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہاں اسے مکمل طبی دیکھ بھال فراہم کی جا سکے ۔
وزیر جنگلات و جنگلی حیات سردار جاوید ایوب نے اس موقع پر کہا کہ مظفرآباد میں وائلڈ لائف کے علاج معالجہ کے لیے کوئی مستقل سینٹر قائم نہیں کیا جا سکا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر : پہاڑی سے گر کر زخمی نایاب تیندوا جانبر نہ ہو سکا
اس کی بڑی وجہ وسائل کی کمی ہے، جس کی وجہ سے محکمہ ہر مقام پر فوری علاج فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ وسائل کی فراہمی اور تربیت کے ذریعے مستقبل میں اس طرح کے واقعات پر جلد اور مؤثر کارروائی ممکن ہو ۔
وزیر جنگلی حیات نے عوام کو بھی متوجہ کیا کہ جنگلی حیات کا تحفظ انسانی زندگی کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات کا بقا ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے لازمی ہے اور مقامی لوگوں کی اطلاع دینے کی عادات اس میں مددگار ثابت ہوتی ہیں ۔
تیندوا ریسکیو کے اس واقعے نے ایک بار پھر یہ واضح کیا کہ مقامی عوام کی فوری اطلاع اور محکمہ وائلڈ لائف کی بروقت کارروائی جنگلی جانوروں کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ضلع حویلی کے گاؤں کلساں زیریں میں ایک بار پھر تیندوا دیکھا گیا، عوام خوفزدہ
حکومت اور عوام کے تعاون سے ایسے واقعات میں جانوروں کو بچانے کے مواقع بڑھ جاتے ہیں اور ماحولیاتی توازن قائم رہتا ہے ۔




