ضیاء اللہ

بلوچستان میں افغان دہشتگرد سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ،وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو

وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے ایک اہم کارروائی کے دوران افغانستان سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد سمیت 4 افراد کو دھر لیا ہے جو ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔

کوئٹہ میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےصوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت حبیب اللہ لانگو کے نام سے ہوئی ہے ۔

ملزم جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستان میں انٹر ہوا اور یہاں دہشت گردی کے ساتھ ساتھ منشیات کی فروخت جیسے جرائم میں بھی ملوث رہا ۔ اس کے خلاف مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین بارہا پاکستان کیخلاف استعمال کی گئی، تاہم پاکستانی سکیورٹی فورسز اور انٹیلیجنس ادارے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بروقت کارروائیاں کرتے رہے اور ممکنہ خطرات کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 کامیاب آپریشنز، 13 دہشت گرد ہلاک

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کارروائی کے دوران مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ اہم انکشافات سامنے آئیں گے ۔

ضیاء اللہ لانگو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بھارت کے 18 قونصل خانے پاکستان کیخلاف سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور یہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ژوب سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کا بھرپور جواب، 12دہشت گرد ہلاک

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت اور سکیورٹی ادارے امن و امان کے قیام کیلئے پُرعزم ہیں اور کسی بھی قسم کی دہشتگردی یا جرائم پیشہ سرگرمی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔

Scroll to Top