پونچھ اور وادی نیلم کے جنگلات میں پایا جانے والا “کومن ککو” سردیوں میں کہاں چلا جاتا ہے؟

پونچھ (کشمیر ڈیجیٹل): آزاد جموں کشمیر کے سرسبز و شاداب خطے میں پایا جانے والا یہ پرندہ “کومن ککو” ہے، جسے عام زبان میں لوگ کوئل یا کوکو بھی کہتے ہیں۔ یہ خوبصورت اور منفرد پرندہ آزاد جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔پاکستان کے بیشتر علاقوں میں یہ پرندہ کالے رنگ میں پایا جاتا ہے۔

خاص طور پر پونچھ، سدھنوتی، مظفر آباد اور اس کے گرد و نواح سمیت، یہ نیلم ویلی کے سرسبز جنگلات، بھمبر اور دیگر دیہی علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ پرندہ عموماً درختوں، باغات، کھیتوں اور پہاڑی جنگلات کو اپنا مسکن بناتا ہے۔

یہ پرندہ زیادہ تر بہار اور گرمیوں کے موسم میں، جو مارچ سے جولائی تک کا وقت ہوتا ہے، دکھائی دیتا ہے۔ اور اسی دوران اس کی مشہور اور سریلی “کو کو” آواز بھی سنائی دیتی ہے، جو ماحول کو مزید پرلطف بنا دیتی ہے۔ اس پرندے کی جسمانی پہچان کچھ یوں ہے کہ اس کے جسم کا اوپری حصہ سلیٹی (سرمئی) رنگ کا ہوتا ہے، جبکہ پیٹ پر سیاہ اور سفید دھاریاں ہوتی ہیں۔ اس کی آنکھ کے گرد زرد (پیلا) رنگ نمایاں ہوتا ہے اور دم لمبی ہوتی ہے جس پر سفید دھبے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ جنگلات: سکیل 1 تا 18 کےتمام ملازمین کی تقرریاں منسوخ، نوٹیفکیشن جاری

اس پرندے کی سب سے حیرت انگیز اور چالاکی والی بات یہ ہے کہ یہ اپنا گھونسلا خود نہیں بناتا، بلکہ دوسرے پرندوں کے گھونسلوں میں اپنے انڈے دے دیتا ہے۔ اسی لیے اسے ایک انتہائی چالاک اور ہوشیار پرندہ سمجھا جاتا ہے۔

یہ ایک اکیلا مسافر ہے اور ہزاروں کلومیٹر کا طویل سفر اکیلا طے کرتا ہے۔ حیرت انگیز طور پر، یہ ہر سال تقریباً اسی علاقے میں واپس آتا ہے جہاں پہلے آیا تھا۔ جب سردیوں کا موسم آتا ہے، تو یہ ہجرت کر کے افریقہ کے گرم علاقوں میں چلا جاتا ہے۔

اس پرندے کا ہمارے ماحول کی خوبصورتی اور توازن میں ایک انتہائی اہم کردار ہے۔ لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ جنگلات کے مسلسل کٹاؤ کے باعث، یہ نایاب پرندے اپنا مسکن بدل کر کوچ کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا لمحہ فکریہ ہے جس پر توجہ دینے کی فوری ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: تل ابیب میں کوؤں کے پراسرار غول، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں اور ماہرین کی رائے

Scroll to Top