پاکستانی خاتون ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان نے ایک اور نمایاں کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے عالمی سطح پر نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔
انہوں نے فیل راؤن پولر چیلنج کامیابی سے مکمل کر لیا، جو دنیا کے مشکل ترین ایڈونچر مقابلوں میں شمار ہوتا ہے ۔ یہ چیلنج تقریباً 300 کلومیٹر طویل تھا، جس میں شرکاء کو شدید سردی اور برفانی حالات میں ڈاگ سلیج کے ذریعے سفر کرنا پڑتا ہے ۔
اس مہم کا آغاز سوئیڈن سے ہوا اور اختتام ناروے میں ہوا۔ راستے میں سخت موسمی حالات، منفی درجہ حرارت، برفانی ہوائیں اور دشوار گزار راستے شامل تھے، جن کا سامنا کرتے ہوئے ثمر خان نے غیر معمولی حوصلہ، برداشت اور عزم کا مظاہرہ کیا ۔
اس کامیابی کے ساتھ وہ آرکٹک مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئی ہیں، جو نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک اعزاز ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11، راولپنڈیز کی ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک، اسلام آباد یونائیٹڈ کامیاب
ثمر خان نے اپنی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اُن تمام لوگوں کے لیے جواب ہے جو سمجھتے تھے کہ وہ یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکتیں ۔
ان کے مطابق اگر انسان میں عزم اور خود اعتمادی ہو تو کوئی بھی مشکل ناممکن نہیں رہتی۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پورے ملک کا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے دوران انہیں انتہائی سخت اور چیلنجنگ حالات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی منزل حاصل کر کے رہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایک میچ سے کسی کھلاڑی کا فیصلہ نہیں ہوتا، فاسٹ بولر لاہور قلندرز حارث رؤف
ثمر خان کی یہ کامیابی نہ صرف خواتین بلکہ تمام نوجوانوں کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ محنت، لگن اور حوصلے سے ہر خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے ۔




