مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی کی ہے ، جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے ۔
رپورٹ کے مطابق ایک مضبوط مغربی ہواؤں کا سلسلہ 5 اپریل کی شام بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا اور 9 اپریل 2026 تک ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا ۔
آزاد کشمیر کے علاقوں باغ، راولاکوٹ اور وادی نیلم میں اس دوران بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بشمول استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر میں بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
بلوچستان کے متعدد اضلاع بھی اس موسمی نظام کے زیرِ اثر رہیں گے ۔ پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب میں 5 سے 7 اپریل کے دوران بارشیں متوقع ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات نے کشمیر سمیت ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی
اس کے علاوہ بارکھان، لسبیلہ، کوہلو اور نصیر آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ۔
پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشوں برسنے کا امکان ہے ۔
اس دوران راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ سمیت کئی اضلاع متاثر ہوں گے ۔
دوسری جانب سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکارپور میں 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ، سردی بڑھ گئی
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورت حال سے محفوظ رہا جا سکے ۔




