اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ آنے والے 15 دنوں کے اندر ایک بڑا سرمایہ پاکستان واپس آنے والا ہے، جس سے ملکی معیشت کو مضبوطی اور استحکام حاصل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قیصر شیخ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے اورامریکا، ایران اور اسرائیل کی جاری جنگ اب چھٹے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے ۔ تاہم انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ جنگ مزید دو ہفتوں سے زیادہ نہیں چلے گی اور جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی معیشت اورحالات تیزی سے بہتر ہونے لگیں گے، جس سے پاکستان کی سرمایہ کاری کی صورت حال بھی مستحکم ہوگی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کیلئے نئے رہائشی سیکٹر متعارف کرانے کا فیصلہ
وفاقی وزیر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حکومت کو موجودہ سخت معاشی حالات کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں سے 100 ارب روپے کی کٹوتی کرنا پڑی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا اور اس کا مقصد ملکی معیشت پر دباؤ کم کرنا ہے ۔
قیصر احمد شیخ نے عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ایک اور اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کو مہنگے پیٹرول کے اثرات سے بچانے کیلئے خصوصی رعایت فراہم کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام عام آدمی پر اقتصادی بوجھ کم کرنے اورزندگی کو آسان بنانے کیلئے اٹھایا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ :خام تیل کی قیمتوں میں 111.5 ڈالر فی بیرل اضافہ
آخر میں وزیر نے سرمایہ کاری کے حوالے سے خوشخبری سنائی اور کہا کہ آئندہ 15 دنوں کے اندر بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی ، جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی اور اقدامات معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مسلسل جاری رہیں گے ۔




