لاہور: ایچ بی پاکستان سپر لیگ( ایل پی ایس ایل) 11 کےایک میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور راولپنڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔
راولپنڈیز نے مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے ۔ کامران غلام نے 50 اور ڈیان فورسٹر نے 44رنز کی اننگز کھیلیں ۔
اس کے علاوہ کپتان محمد رضوان 2، ڈیرل مچل 19 اور عبداللہ فضل نے 23 رنز اسکور کیے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن ، فہیم اشرف اور سلمان ارشاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:رونالڈو کا پنلٹی سے قبل ‘بسم اللہ’ پڑھنا سوشل میڈیا پر وائرل، مداح حیران
جوابی اننگزمیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر15ویں اوور میں پوراکرلیا ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمیر منہاس36 گیندوں پر 70 رنز بناکر نمایاں بیٹررہے، حیدر علی 26 اور مارک چیمپمین 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے ۔ ڈیون کونوے 6 اور محمد فائق نے 19 رنز بنائے ۔
یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں دوسری کامیابی اپنے نام کی اورراولپنڈیز کوایونٹ میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو کراچی کنگز اپنے تینوں میچز کامیابیاں سمیٹ کر 6 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت پہلے نمبر پر برا جمان ہے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 میچز میں سے 2 میں کامیاب اور ایک میں شکست کے ساتھ 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل، بارش سے متاثرہ میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ہرا دیا
یاد رہے کہ اسلام آباد کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا ۔




