رونالڈو کا پنلٹی سے قبل ‘بسم اللہ’ پڑھنا سوشل میڈیا پر وائرل، مداح حیران

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی اور ایک منفرد لمحے کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ سعودی کلب النصر کی جانب سے النجمہ کے خلاف کھیلتے ہوئے رونالڈو نے اپنی ٹیم کی 2-5 سے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کے دوران رونالڈو نے دو خوبصورت گول اسکور کیے، لیکن سب سے زیادہ توجہ اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے پنلٹی کک لینے سے قبل ‘بسم اللہ’ کہا۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

رونالڈو نے میچ کے 56ویں منٹ میں پنلٹی کے ذریعے گول کر کے مقابلہ برابر کیا اور پھر 73ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد ان کے کیریئر گولز کی مجموعی تعداد 967 تک پہنچ گئی ہے اور وہ تیزی سے ایک ہزار گولز کے تاریخی ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر رونالڈو کے اس عمل کو خوب سراہا جا رہا ہے اور ویڈیو کلپس ہر جگہ شیئر کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عید الفطر:معروف فٹبالر رونالڈو کا مسلمانوں کیلئے اہم پیغام وائرل

ذہن نشین رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رونالڈو نے اسلامی الفاظ کا استعمال کیا ہو۔ اس سے قبل بھی ایک تقریب کے دوران انہوں نے اپنے ہدف کے حصول کے لیے ‘ان شاء اللہ’ کہا تھا، جسے مداحوں نے بہت پسند کیا تھا۔ اب ‘بسم اللہ’ کہنے کے بعد سوشل میڈیا پر بعض حلقوں کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ وہ مستقبل میں اسلام قبول کر سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی باقاعدہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

Scroll to Top