وزیراعظم کے خلاف پکنے والا لاوا وقتی طور پر تھما، مگر کب تک؟ خواجہ شفیق کی کڑی تنقید

مظفرآباد: تحریک انصاف مظفرآباد ڈویژن کے جنرل سیکریٹری خواجہ محمد شفیق نے آزاد کشمیر کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعظم کے خلاف لاوا اُس دن سے پک رہا ہے جب وہ بھاری ووٹ لے کر اقتدار میں آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ایک غیر فطری حکومت تشکیل دی جو “کہیں کی اینٹ، کہیں کا روڑا، بھان متی نے کنبہ جوڑا” کی بہترین مثال ہے۔

خواجہ شفیق نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت مختلف سیاسی جماعتوں کا غیر فطری امتزاج ہےجس کا مقصد صرف اقتدار کو بچانا ہے جبکہ عوامی فلاح و بہبود سے انھیں کوئی مطلب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل کچھ افراد کو بغیر کسی وزارت اور اختیار کے صرف اپنی عددی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے رکھا گیا ہے، جبکہ تحریک انصاف ہی واحد اپوزیشن کے طور پر میدان میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ میں ٹریفک کا نیا پلان ناکام، شہری مشکلات کا شکار

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو وقتی طور پر کچھ تاجروں کی حمایت سے سہارا ملا ہے مگر یہ سوال برقرار ہے کہ یہ سپورٹ کب تک باقی رہے گی؟ خواجہ شفیق نے خبردار کیا کہ حکومت کی غیر مستحکم پالیسیوں اور عوامی مسائل سے چشم پوشی کے نتیجے میں یہ لاوا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہےجس کے نتائج خود حکمرانوں کو بھگتنا ہوں گے۔

Scroll to Top