راولاکوٹ میں ٹریفک کا نیا پلان ناکام، شہری مشکلات کا شکار

راولاکوٹ میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر بے قابو ہو چکا ہےجبکہ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے نافذ کردہ نیا ٹریفک پلان رمضان سے پہلے ہی ناکامی سے دوچار ہو گیا۔ شہر میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں، سڑک کے دونوں اطراف بے ہنگم پارکنگ اور قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ایک نیا ٹریفک پلان متعارف کرایا گیا تھا لیکن عملی طور پر اس پر عملدرآمد کہیں نظر نہیں آ رہا۔ نہ تو کسی اہم چوراہے پر رہنمائی کے لیے سائن بورڈز لگائے گئے اور نہ ہی پولیس اہلکار ٹریفک کنٹرول کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس کے باعث گاڑیاں بغیر کسی ترتیب کے رواں دواں ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال رمضان المبارک میں بعض مرکزی سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر کے صرف پیدل چلنے والوں کے لیے کھول دیا گیا تھا، جس سے خریداری میں آسانی ہوئی تھی۔ اس سال بھی اسی طرز پر حکمت عملی اپنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کے لیے آسانی پیدا ہو سکے۔

علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام کی سب سے بڑی وجہ سڑک کے دونوں اطراف ہونے والی غیر قانونی پارکنگ بھی ہے، عوام کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے اور دوسروں کا خیال رکھنا چاہیے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک مؤثر اور قابلِ عمل ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے۔ ساتھ ہی عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ سب کے لیے آسانی پیدا ہو۔

Scroll to Top