عالمی مارکیٹ کےزیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمتیں آ سمان سے باتیں کرنے لگیں۔ ملک بھر میں سونے کی قیمت میں آج ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 300 روپے کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 94 ہزار 62 روپے کی سطح پر جا پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے اور گزشتہ روز بھی فی تولہ سونا 2 ہزار 800 روپے مہنگا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں آج پھر اضافہ ہو گیا
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 13 ہزار 117 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار 578 روپے ہو گئی ہے۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کے خریداروں کے لیے بھی بری خبر ہے؛ چاندی کی قیمت 200 روپے فی تولہ اضافے کے بعد 7 ہزار 984 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں فی اونس سونا 153 ڈالر مہنگا ہو کر 4713 ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور قیمتوں میں اضافے کے براہِ راست اثرات مقامی مارکیٹ پر مرتب ہو رہے ہیں، جس کے باعث آنے والے دنوں میں سونا اور چاندی مزید مہنگے ہونے کا قوی امکان ہے۔




