آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ: محکمہ موسمیات کا4 اپریل تک الرٹ جاری

اسلام آباد/مظفرآباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں یکم سے 4 اپریل کے دوران بارشوں کے نئے اور طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کی ہے، جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو خاص طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس دوران شدید بارشوں کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی صورتحال:

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی نیلم، مظفرآباد، ہٹیاں بالا، باغ، پونچھ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور گھانچے میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یکم تا 10 اپریل تک طوفانی بارشیں، تیز ہوائیں، لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، الرٹ جاری

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کا الرٹ:

خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ اور بونیر میں یکم اپریل کی رات سے 4 اپریل تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ کوہستان، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور وزیرستان کے پہاڑی علاقے بھی بارش کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور ڈی جی خان سمیت دیگر شہروں میں بارش متوقع ہے، جبکہ ڈی جی خان میں شدید بارش کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان اور سندھ میں موسم کی شدت:

بلوچستان کے اضلاع ژوب، قلعہ سیف اللہ، چمن، زیارت، قلات، خضدار اور ساحلی پٹی گوادر و پسنی میں 2 سے 4 اپریل کے دوران شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ سندھ میں کشمور، سکھر، لاڑکانہ اور تھرپارکر سمیت دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کی اہم وارننگ:

شدید بارشوں اور آندھی کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کے کھمبوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ نے کاشتکاروں کو فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر،اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش، لینڈسلائیڈنگ ،الرٹ جاری

Scroll to Top