تہران میں پاکستان شکریہ کے نعرے: ایرانی خواتین نے سبز ہلالی پرچم اٹھا لیے،ویڈیو وائرل

تہران: ایران کے دارالحکومت تہران کے مشہور و معروف Valiasr Square میں ایرانی عوام نے انتہائی منفرد انداز میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور سبز ہلالی پرچم لہرا کر اپنی گہری محبت کا اظہار کیا۔ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نکالی گئی اس بڑی احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد شریک ہوئے، جہاں ریلی کی خاص بات ایرانی خواتین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار تھا۔ ان خواتین نے پاکستانی پرچم تھامے ‘پاکستان شکریہ’ کے نعرے لگائے جس نے سوشل میڈیا پر بھی سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اس ریلی میں ایرانی صدر اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شریک ہوئے، جس نے اس احتجاج کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

دوسری جانب، امریکہ کے مختلف شہروں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور ایران کے خلاف جنگ کے خلاف ’نو کنگز‘ (No Kings) کے عنوان سے بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے۔ ریاست منی سوٹا میں ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سینیٹر برنی سینڈرز صدر ٹرمپ پر شدید برس پڑے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ امریکہ میں حقِ حکمرانی صرف عوام کا ہے اور یہاں کسی بادشاہت کی گنجائش نہیں ہے۔

سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ جنگوں میں پیسہ ضائع نہیں کریں گے، مگر عملی طور پر انہوں نے اس کے بالکل برعکس کیا۔ انہوں نے ایران کے خلاف جاری جنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے کانگریس سے منظوری نہیں لی گئی اور یہ عالمی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران امریکہ جنگ کے خلیجی معیشت پر وار: دبئی اور ابوظہبی اسٹاک مارکیٹس کو 120 ارب ڈالر کا دھچکا

برنی سینڈرز کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کیا، جس پر وہاں موجود مظاہرین نے شدید غم و غصے اور نفرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے امریکی معاشی نظام پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایسا نظام مسلط کیا جا رہا ہے جہاں طاقت اور دولت قانون پر اثر انداز ہو رہی ہے، لیکن امریکہ میں صرف عوام کی حکمرانی ہوگی۔

مزید پرھیں: ’معاہدہ ہو یا نہ ہو، امریکہ دو یا تین ہفتوں میں ایران سے نکل جائے گا‘ڈونلڈ ٹرمپ کا عندیہ

Scroll to Top