آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کیوں جوائن کی؟ ایڈم زمپا نے بھارتی لیگ کے پول کھول دیے

کراچی: آسٹریلیا کے اسٹار اسپنر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے ایڈم زمپا نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑنے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے بھارتی لیگ کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ آئی پی ایل میں انہیں ان کی مہارت اور قابلیت کے مطابق وہ معاوضہ نہیں مل رہا تھا جو دیگر کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے۔

ایک مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو دیے گئے انٹرویو میں آسٹریلوی لیگ اسپنر نے آئی پی ایل سے علیحدگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ لیگ کافی زیادہ وقت لیتی ہے اور وہاں مجھے میری مہارت کے حساب سے معاوضہ بھی نہیں مل رہا تھا، اس لیے اسے کھیلتے رہنا میرے لیے مناسب فیصلہ نہیں تھا۔ ایڈم زمپا نے مزید کہا کہ آئی پی ایل چھوڑنے کے بعد وہ ابتدائی طور پر کرکٹ سے وقفہ لینے کا سوچ رہے تھے، لیکن اسی دوران اچانک پی ایس ایل کھیلنے کا موقع ملا جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سب کچھ بہت جلدی ہوا اور وہ اب اس تجربے کو بھرپور انجوائے کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: بال ٹمپرنگ ثابت،فخر زمان کے 2میچز کھیلنے پرپابندی

واضح رہے کہ کراچی کنگز کا حصہ بننے والے ایڈم زمپا نے موجودہ ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے اور پی ایس ایل کے معیار کی بھی تعریف کی ہے۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو بھی سراہا۔ زمپا کا کہنا تھا کہ شاہین ایک شاندار بولر ہیں اور جب وہ بولنگ کرتے ہیں تو ہر گیند پر کچھ نہ کچھ خاص ہونے کا احساس ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنالٹی؛ بال ٹیمپرنگ تنازع پر سکندر رضا کا اہم بیان سامنے آ گیا

Scroll to Top