آزاد کشمیر حکومت نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال باغ، جہلم ویلی کو ٹیچنگ اسپتال کا درجہ دے دیا

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے ایک اہم فیصلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال باغ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم ویلی  کو آزاد جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجز کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے ٹیچنگ اسپتال کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورننگ باڈی برائے میڈیکل کالجز نے 13 جنوری 2025 کو ہونے والے اجلاس میں اس تجویز کی منظوری دی۔ اس فیصلے کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال باغ کو پونچھ میڈیکل کالج راولا کوٹ جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم ویلی کو آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد کا ٹیچنگ اسپتال قرار دیا گیا ہے۔

یہ اقدام خطے میں طبی تعلیم کے فروغ اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس فیصلے سے نہ صرف میڈیکل طلبہ کو عملی تربیت کے مزید مواقع میسر آئیں گے بلکہ عوام کو بھی جدید طبی سہولیات کی بہتر فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

Scroll to Top