پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے نئی اور سخت ترین گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں کو دو ٹوک وارننگ دیتے ہوئے واضح کر دیا گیا ہے کہ اب کوئی بھی کھلاڑی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی پوسٹ شیئر نہیں کر سکے گا۔
سیاسی پوسٹس پر زیرو ٹولرینس اور بھاری جرمانہ:
ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی سیاسی پوسٹ یا تبصرہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے یا متنازع پوسٹ کرنے والے کھلاڑی کو کم از کم ایک کروڑ روپے تک کا بھاری جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سینٹرل کنٹریکٹ کے قواعد پر حرف بہ حرف عمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: متنازعہ ٹوئٹ: کرکٹر نسیم شاہ کو 2 کروڑ روپے جرمانہ، میڈیا ایڈوائزر برطرف
پلیئرز مینیجرز کو بھی ہدایات جاری:
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ان کے مینیجرز کو بھی ان نئی گائیڈ لائنز اور قواعد سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ اب سے کسی بھی کمرشل یا نجی پوسٹ کے لیے بھی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی منظوری لازمی قرار دے دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تنازع سے بچا جا سکے۔
تادیبی کارروائی کی وارننگ:
پی سی بی حکام کا ماننا ہے کہ کھلاڑیوں کی سوشل میڈیا سرگرمیاں اکثر بورڈ اور ٹیم کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہیں۔ اس نئے ضابطہ اخلاق کا مقصد ڈسپلن کو برقرار رکھنا ہے۔ ان ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف جرمانہ بلکہ کنٹریکٹ کی معطلی جیسی سخت تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔



