مظفرآباد(شجاعت میر/ ہیصم نقوی) رمضان المبارک سے قبل مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹی مظفرآباد نے انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے لیکن عوام کا کہنا ہے انتظامیہ کی طرف سے خاطر خواہ ریلیف ملنے کی امید نہیں ہے۔
چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی سید عمران نقوی نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے دو ہفتے سے تیاریاں کررہے ہیں اور تاجروں کو اجلاس بلا کر ہدایات جاری کی ہیں۔
رمضان المبارک میں تمام چھوٹے بڑے بازاروں کیلئے روانہ ریٹ لسٹ جاری کرینگے اور ریٹ لسٹ پر سختی سے عملدرآمد بھی کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں عوام کی شکایات سنی جائیں گی، ہرایریامیں مجسٹریٹ تعینات ہوگا جو روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کامعائنہ کریگا، 24 گھنٹے میں شکایت کا ازالہ نہ کرنے پر مجسٹریٹ کو بھی نوٹس جاری کرینگے۔
انہون نے کہا کہ میڈیا لوگوں کو بھرپور آگاہی دے کہ وہ کسی بھی قسم کی گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی فوری نشاندہی کریں تاکہ انہیں ماہ مقدس میں بھرپور ریلیف مل سکے۔
دوسری طرف شہریوں نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان شروع ہونے سے قبل ہی فروٹ وغیرہ کی قیمتیں دو گنا کردی گئی ہیں ، 10 دن قبل جس قیمت پر فروٹ دستیاب تھا آج دو گنا قیمت ہوچکی ہے۔
رمضان میں انتظامیہ اور دکانداروں کو روزہ داروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہیے لیکن یہاں الٹی گنگا بہتی ہے ، رمضان میں لوگوں کو لوٹنے کیلئے کمر کس لی جاتی ہے اور دو گنا قیمتیں وصول کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مظفرآباد میں مہنگائی کاراج، دیہاڑی پر کام بھی بند،مزدور خالی ہاتھ گھروں کو واپس جانے لگے