آٹھمقام (30 مارچ 2026): ضلعی ایلمنٹری تعلیمی بورڈ نیلم نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے جماعت پنجم اور ہشتم کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ نتائج کے اعلان کے لیے منعقدہ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد رفیق صمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ شیخ احسان الحق، کنٹرولر امتحانات صغیر احمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
نتائج کے مطابق جماعت ہشتم میں بوائز ہائی سکول نگدر کے احسن جاوید نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ حریم سکول دواریاں کی ہما اعجاز دوسری اور آفاق پبلک سکول دواریاں کی انیسہ اختر تیسری پوزیشن پر رہیں۔ ہشتم جماعت میں کامیابی کا تناسب 86.95 فیصد رہا، جہاں 2408 امیدواروں میں سے 2092 کامیاب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں یکم اپریل سے 10 اپریل تک شدید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی
جماعت پنجم کے نتائج مزید بہتر رہے جہاں کامیابی کی شرح 91.01 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس جماعت میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول خواجہ سیری کی شمع مصطفیٰ نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ عامر پبلک سکول باڑیاں کے سید حسن علی نقوی دوسرے اور شائننگ سکول چلہانہ کی رابعہ لطیف تیسرے نمبر پر رہیں۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ایک ہفتے بعد بوائز ڈگری کالج آٹھمقام میں پروقار تقریب ہوگی، جس میں وزیرِ حکومت میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ اور دیگر حکام شرکت کریں گے۔




