گرنے سے ’ہیئر لائن فریکچر‘ کے باوجود اسحاق ڈار نے ملاقاتیں جاری رکھیں: علی ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار نے بتایا ہے کہ ان کے والد نے گرنے کے بعد پورا دن شدید تکلیف کے باوجود درد کش ادویات لے کر تمام سفارتی سرگرمیاں مکمل کیں۔ اتوار کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس کی میزبانی کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ جب مصری وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبد العاطی وزارتِ خارجہ پہنچے تو استقبال کے وقت اسحاق ڈار اچانک پھسل کر گر گئے۔

تاہم وہ فوراً کھڑے ہو گئے اور معمول کے مطابق مصری وزیرِ خارجہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور اجلاس کی کارروائی جاری رکھی۔ علی ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ان کے والد نے چوٹ لگنے کے باوجود انتہائی اہمیت کی حامل تمام میٹنگز احسن طریقے سے مکمل کیں۔ انہوں نے رات تقریباً نو بجے سرکاری بیان ریکارڈ کرانے کے بعد خاندان کے اصرار پر اپنا طبی معائنہ کروایا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پُر اُمید ہے امریکہ اور ایران کے درمیان جلد مذاکرات ہوں گے ، اسحاق ڈار

طبی معائنے اور ایکسرے کی رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کے کندھے میں ’ہیئر لائن فریکچر‘ ہوا ہے۔ علی ڈار نے بتایا کہ اگلے چند روز تک ان کے درد کو دواؤں اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسحاق ڈار مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی سطح پر بہت فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں پاکستان نے ترکی، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کی اسلام آباد میں میزبانی کی ہے۔

Scroll to Top