باغ( کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں ، باغ سے قبضہ مافیا کا خاتمہ کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ کمپلیکس باغ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار میر اکبر نے کہا کہ کشمیر خوبصورت ترین خطہ ہے جسکی خوبصورتی کی بڑی وجہ یہاں پر درختوں کا ہونا بھی ہے۔
پوری دنیا اسوقت موسمیاتی تبدیلی کیوجہ سے متاثر ہے جس میں پاکستان و آزادکشمیر بھی شامل ہے درخت لگانا ثواب کا کام ہے اور ثواب کیساتھ فضائی آلودگی کا خاتمہ بھی شجر کاری سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت عوام کو پودے کم قیمتوں پر مہیا کرے اور پودے لگانے کا درست طریقہ کار بھی بتائے ہم سب نے ملکر اس سال زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں انکا فائدہ اٹھا سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی زمین کا ایک ایک انچ محفوظ بنا رہے ہیں، میں نے وافر فنڈز مہیا کیے تاکہ سرکاری زمین کے گرد تار اور باڑ وغیرہ لگائی جا سکے،باغ میں سرکاری زمینوں پر جہاں قبضہ ہوا وہ واگزار کروا دیا گیا ہے اور مستقبل میں بھی کسی بھی شخص کو یہ اجازت نہیں ہو گی کہ وہ سرکاری زمین پہ قبضہ کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس راجہ سعید اکرم میرپور پہنچ گئے، سپریم کورٹ کی نئی عمارت اسٹیٹ آف آرٹ ہونی چاہیے ، شجرکاری مہم کا افتتاح