اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں ثالثی اور ملک کی موجودہ صورتحال پر غور کرنے کے لیے ایوانِ صدر میں آج پاکستان کی بڑی قیادت کا اہم اجلاس ہوگا۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں ہونے والی اس بیٹھک میں وزیراعظم شہباز شریف اور اہم وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ عسکری قیادت اور تمام وزرائے اعلیٰ کی شرکت بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیرِ غور آئے گی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار چار ملکی وزراء خارجہ اجلاس کے حوالے سے قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔ مشرقِ وسطیٰ کے علاوہ ملکی مسائل پر بھی بات ہوگی۔ اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم کے ذخائر اور ان کی ترسیل کی صورتحال کو دیکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران تنازع کے حل میں قائدانہ کردار،برطانوی اخبار پاکستان کی موثر سفارتکاری کا معترف
حکومت کی کفایت شعاری پالیسی اور اس پر ہونے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ممکنہ سمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ آج کے اجلاس میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے صوبوں کی دی گئی تجاویز پر بھی غور ہوگا۔ مزید یہ کہ موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو سبسڈی دینے سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔




