امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فنانشل ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایران کے تیل کے بڑے مرکز ’خارگ جزیرے‘ پر قبضے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کا تیل لے سکتے ہیں اور اس جزیرے پر کنٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کا پسندیدہ آپشن یہی ہے کہ ایران کا تیل لے لیا جائے لیکن امریکہ میں کچھ لوگ اسے غلط سمجھتے ہیں جنہیں انہوں نے ’بیوقوف‘ قرار دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ اس اقدام کا مطلب خارگ جزیرے پر مکمل قبضہ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید ہم یہ جزیرہ لے لیں یا شاید نہ لیں کیونکہ ہمارے پاس اور بھی بہت سے آپشنز موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قبضے کا مطلب یہ ہوگا کہ امریکہ کو وہاں کچھ وقت کے لیے رکنا پڑے گا۔ جب ان سے ایرانی دفاع کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس کوئی خاص دفاع نہیں ہے اور امریکہ اسے بہت آسانی سے لے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کےذریعے مذاکرات،ایران کیساتھ جلد ڈیل ہوسکتی، ٹرمپ،تیل ذخائر،خارگ جزیرے پر قبضے کابھی عندیہ
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں مزید 3,500 امریکی فوجی پہنچ چکے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کشیدگی سے امریکی فورسز ایرانی حملوں کے نشانے پر آ سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ خارگ جزیرہ ایران کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہاں تیل کے سب سے بڑے ذخائر موجود ہیں اور ایران کے خام تیل کی 90 فیصد برآمدات اسی چھوٹے سے جزیرے سے ہوتی ہیں۔




