پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کراچی نے آخری اوور کی تیسری گیند پر کامیابی سمیٹی اور اہم دو پوائنٹس اپنے نام کیے ۔
میچ کا آغاز لاہور قلندرز کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے سے ہوا، تاہم ان کی بیٹنگ لائن توقعات پر پوری نہ اتر سکی۔ مقررہ 20 اوورز میں لاہور کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز بنا سکی ۔
عبداللہ شفیق نے 33 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، لیکن دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ۔ خاص طور پر آخری 5 اوورز میں لاہور کی بیٹنگ مکمل طور پر بکھر گئی، جہاں ٹیم نے محض 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں گنوا دیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل11، پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگزمین کو 40 رنز سے ہرا دیا
کراچی کنگز کی جانب سے بولنگ شاندار رہی۔ ایڈم زمپا نے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی اور میر حمزہ نے بھی 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ کراچی کی اسپن بولنگ نے لاہور کی بیٹنگ کو دباؤ میں رکھا اور بڑا اسکور بنانے سے روک دیا ۔
129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اننگز بھی آسان نہ رہی ۔ میچ کے دوران ایک دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب گیند کی حالت میں تبدیلی پر امپائرز نے لاہور قلندرز کیخلاف کراچی کے حق میں 5 پنالٹی رنز دے دیے، جس سے میچ کا توازن کسی حد تک بدل گیا ۔
بیٹنگ میں محمد وسیم نے 38 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا جبکہ سعد بیگ نے 19 اور معین علی نے 18 رنز کی اہم اننگز کھیلی ۔ دوسری جانب لاہور کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی بھرپور کوشش کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل11،پشاور زلمی نے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
آخرکار کراچی کنگز نے دباؤ کے باوجود ہدف حاصل کر لیا اور میچ اپنے نام کر لیا ۔ میچ سے قبل شاہین آفریدی نے 170 سے 180 رنز کو اچھا ہدف قرار دیا تھا تاہم انکی ٹیم اس معیار تک نہ پہنچ سکی جو شکست کی بڑی وجہ بنی ۔ دوسری جانب کراچی کے کپتان ڈیوڈ وارنر کی ٹیم نے بہتر حکمت عملی کیساتھ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کی ۔
لاہور قلندرز پلیئنگ الیون:
محمد نعیم، فخر زمان، عبداللہ شفیق اور پرویز حسین، حسیب اللہ، سکندر رضا، اسامہ میر،شاہین آفریدی (کپتان)،حارث رؤف،مستفیض الرحمان اورعبید شاہ شامل تھے ۔
کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون:
ڈیوڈ وارنر (کپتان)، محمد وسیم، سلمان آغا، سعد بیگ، معین علی، خوشدل شاہ، اعظم خان، عباس آفریدی،حسن علی، ایڈم زمپا اور میرحمزہ شامل تھے ۔




