شوکت نواز میر پر عبدالحمید لون کے الزامات، عوامی ایکشن کمیٹی نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن بالخصوص شوکت نواز میر پر عبدالحمید لون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد ہنگامی پریس بریفنگ کی ۔

عبدالحمید لون نے الزام عائد کیا تھا کہ شوکت نواز میر اور دیگر کمیٹی اراکین ’’بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ سے فنڈنگ حاصل کر رہے ہیں ۔

عوامی ایکشن کمیٹی نے اس الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی اور اس کے ارکان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش ہے ۔

پریس بریفنگ میں کمیٹی نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی ریاست کے متوسط اور محکوم طبقے کی آواز ہے اور اپنی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی ہمیشہ عوامی مفاد میں کام کرتی رہی ہے اور کسی غیر ملکی ادارے یا خفیہ ایجنسی سے تعلق نہیں رکھتی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کی الیکشن میں انٹری، پہلا امیدوار نامزد کردیا

کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ عبدالحمید لون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں ۔

اس کے لیے فوری طور پر جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (JIT) تشکیل دی جائے تاکہ حقائق منظر عام پر آئیں اور کسی بھی ممکنہ غلط فہمی یا سازش کا پتہ چل سکے ۔

علاوہ ازیں کمیٹی نے زور دیا کہ عبدالحمید لون کے را اور بھارت کے ساتھ ممکنہ روابط کی بھی تحقیقات کی جائیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ وہ کس بنیاد پر اس قسم کے الزامات عائد کر رہا ہے۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کو را یا بھارت سے جوڑنے کی کسی بھی کوشش کو فوری بند کیا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عام آدمی کا نظام سے اعتبار اٹھ جائے تو ایکشن کمیٹیاں بنتی ہیں،فیصل راٹھور

ایکشن کمیٹی نے آخر میں کہا کہ جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی عوام کی حقیقی آواز ہے اور اپنی جدوجہد آئین و قانون کے مطابق جاری رکھے گی اور وہ ہر قسم کے غیر قانونی اثر و رسوخ سے آزاد رہ کر عوام کے مفاد میں کام کرے گی ۔

Scroll to Top