ملاقات

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اور سردار فہد یعقوب کی اسلام آباد میں ملاقات

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے مشیر حکومت سردار فہد یعقوب نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران محکمہ انڈسٹریز، لیبر اور پرنٹنگ پریس میں انتظامی اصلاحات، صنعتی ترقی کے اقدامات اور آئندہ انتخابات کے سلسلے میں ضلع پونچھ میں پارٹی معاملات اور تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سمال، میڈیم اور بڑی انڈسٹریز کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔

انڈسٹریز کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے انتظامی سطح پر کئی اہم اور مثبت تبدیلیاں متعارف کروائی گئی ہیں تاکہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے سرمایہ کار اور نوجوان کاروباری میدان میں آگے آئیں اور ریاست میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے شجرکاری مہم بہار کا افتتاح کر دیا

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کی ترقی سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ بیروزگاری میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور جدید معیشت کی طرف بھی توجہ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت ڈیجیٹل اکانومی کے ذریعے بڑے پیمانے پر ریونیو حاصل کر رہی ہے اور اگر نوجوان اس شعبے میں مہارت حاصل کریں تو وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ ریاست کے لیے بھی ترقی کے نئے راستے کھول سکتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، کاروباری مواقع فراہم کرنے اور صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ آزاد کشمیر کو معاشی طور پر مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کم سے کم اجرت کا ایک مناسب معیار مقرر کیا ہے جس سے مزدور کی اجرت میں بہتری آئی ہے ۔ ملاقات کے دوران ضلع پونچھ میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی تنظیمی صورتحال، عوامی رابطہ مہم اور تیاریوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

وزیراعظم نے اس موقع پر پارٹی کارکنان کو متحرک رکھنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل رابطہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور مقتول رفاقت کے گھر پہنچ گئے، انصاف فراہمی کی یقین دھانی

مشیر حکومت فہد یعقوب نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ان کی قیادت میں انشاءاللہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ترقی کے عمل کو جاری رکھے گی ۔

Scroll to Top