اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)حکومتِ پاکستان نے معیشت کو مضبوط بنانے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنے کیلئے بیرونِ ملک پاکستانیوں کی رقوم وطن منتقل کروانے کی نئی حکمتِ عملی پر غور شروع کر دیا ہے ۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حالیہ اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ عالمی صورتحال، خصوصاً ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث بیرونِ ملک پاکستانی اپنی دولت کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا چاہتے ہیں، اور اس تناظر میں پاکستان ایک موزوں آپشن بن سکتا ہے ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس وقت مشرقِ وسطیٰ اور یورپ میں پاکستانیوں کے تقریباً 20 ارب ڈالر موجود ہیں، جو 2018 اور 2019 کی ایمنسٹی اسکیموں میں ظاہر تو کیے گئے تھے مگر ابھی تک ملک میں منتقل نہیں ہوئے۔
ان اسکیموں کے تحت 82 ہزار 889 گوشوارے جمع کرائے گئے تھے، جن سے قومی خزانے کو 194 ارب روپے ٹیکس کی مد میں حاصل ہوئے تھے۔
اب حکومت روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کو مزید مؤثر اور پرکشش بنانے پر کام کر رہی ہے تاکہ اس سرمائے کو پاکستان لایا جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیرونِ ملک جانیوالے پاکستانی شہریوں کیلئے حلف نامہ لازمی قرار
ایک اہم تجویز یہ بھی زیرِ غور ہے کہ اس اسکیم میں نہ صرف اوورسیز پاکستانی بلکہ دیگر ممالک کے شہریوں،غیر ملکی کمپنیوں کو بھی سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے۔
اس کے ساتھ پاکستان میں رہنے والے افراد کو بھی اس میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ملکی سطح پر ڈالر کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے ۔
رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو فعال بنانے کے لیے حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ایک بڑی سہولت دینے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے تحت بیرونِ ملک مقیم افراد سے جائیداد کی خریداری پر صرف 10 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا ۔
تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ مراعات صرف ان رقوم پر لاگو ہوں گی جو قانونی ذرائع سے ملک میں منتقل کی جائیں گی، جبکہ غیر قانونی یا کالے دھن کو اس اسکیم کے تحت کوئی فائدہ نہیں دیا جائے گا ۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اقدامات آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیے جائیں گے یا اس سے قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نافذ کر دیے جائیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویزا پابندیاں ختم،یواے ای نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اس 20 ارب ڈالر کو ملک میں لانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ معیشت کے لیے ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے ۔




