پی ایس ایل 11: روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج ٹکرائیں گے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں آج کرکٹ کے شائقین کے لیے اتوار کا دن انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوگا، جب روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز قذافی اسٹیڈیم میں ایکشن میں ہوں گے۔

دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے۔ کراچی کنگز نے اپنے افتتاحی میچ میں گزشتہ سیزن کی رنر اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی، جس میں معین علی کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ نے اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل11،پشاور زلمی نے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے بھی اپنے پہلے میچ میں نئی ٹیم حیدرآباد کو آؤٹ کلاس کر کے اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو کراچی کنگز کو لاہور قلندرز پر واضح برتری حاصل ہے۔ اب تک کھیلے گئے 22 میچز میں سے 14 میچز کنگز نے جیتے ہیں جبکہ 8 میں قلندرز فاتح رہے ہیں۔ آج کے میچ میں قلندرز کی کوشش ہوگی کہ وہ ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس ریکارڈ کو بہتر کریں جبکہ کنگز اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب آج کا پہلا میچ حیدرآباد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں، اس لیے ان کی بھرپور کوشش ہوگی کہ آج جیت کا کھاتہ کھول سکیں اور ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔ قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے اور دونوں میچز کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل،اسلام آباد یونائیٹڈ کی بولنگ ناکام، ملتان سلطانز پانچ وکٹوں سے کامیاب

Scroll to Top