مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں اور جنگ بندی کے لیے اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ اسی سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک اہم چار ملکی بیٹھک منعقد ہو رہی ہے، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے اعلیٰ رہنما شرکت کریں گے۔ اس اہم اجلاس میں خطے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس بیٹھک میں خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے، جنگ بندی کے امکانات اور سفارتی سطح پر مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ اس اجلاس کو موجودہ صورتحال میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پورا خطہ شدید تناؤ کا شکار ہے اور عالمی برادری امن کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں اہم بیٹھک، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے
سفارتی سرگرمیوں کے سلسلے میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں جاری ہیں۔ جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی بھی آج پاکستان آمد متوقع ہے، جس سے ان سفارتی کوششوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔
اجلاس کے دوران نہ صرف چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ آپس میں مشاورت کریں گے بلکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بھی ترتیب دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ رہنما پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں وزیراعظم کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور آئندہ کے اقدامات پر بات چیت ہوگی۔ اسلام آباد میں ہونے والی یہ سرگرمیاں خطے میں امن کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہیں اور پاکستان کا ثالثی کا کردار اس کے امن پسند ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔




