متحدہ عرب امارات نے ایران کے ڈرونز اور میزائل حملوں سے ہونے والے نقصانات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے پر برطانیہ کے 70 شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ان گرفتار افراد کو 10 برس تک قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ایرانی حملوں سے ہونے والے نقصانات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔ گرفتار ہونے والوں میں برطانیہ کے سیاح اور متحدہ عرب امارات میں مقیم شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جہازوں کا عملہ بھی ان گرفتار افراد میں شامل ہے۔ بعض افراد کو ضمانت پر رہا تو کر دیا گیا ہے لیکن ان کے پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے ہیں۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ امارات چھوڑ کر نہ جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای میں عید الاضحٰی پر کتنے دن کی چھٹیاں ملیں گی؟
میڈیا رپورٹس میں مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اماراتی قانون کے تحت ایسی تصاویر کو صرف وصول کرنا بھی جرم ہے۔ تصاویر وصول کرنے کی سزا 10 برس قید اور 2 لاکھ درہم جرمانہ ہو سکتی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جنگ سے پہلے 2 لاکھ 40 ہزار برطانوی شہری دبئی میں رہتے تھے۔ اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ایران جنگ شروع ہونے کے بعد ان میں سے نصف شہری برطانیہ واپس جا چکے ہیں۔




