عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں ہفتے کے روز سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ چاندی کے نرخ اپنی جگہ برقرار رہے۔ عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 48 ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد بین الاقوامی سطح پر سونا 4 ہزار 493 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اس اضافے کا براہِ راست اثر مقامی صرافہ بازاروں پر بھی پڑا، جہاں قیمتوں میں یکدم تیزی آگئی۔
مقامی سطح پر سونے کی قیمت میں 4 ہزار 800 روپے فی تولہ کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 72 ہزار 62 روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 116 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 4 ہزار 717 روپے ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں زبردست کمی ، فی تولہ 464,000 روپےکا ہو گیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز یعنی جمعہ کو سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی دیکھی گئی تھی، تاہم آج ہونے والے اضافے نے اس کمی کو نہ صرف ختم کر دیا بلکہ قیمتوں کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 7 ہزار 454 روپے پر مستحکم رہی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔




