پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام فرنچائزز کے مالکان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ شائقینِ کرکٹ کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے۔ مختلف ٹیم مالکان نے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فینز کے بغیر پی ایس ایل کا میلہ ادھورا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا جشن ہے، اسے فینز کے بغیر منعقد کرنا مناسب نہیں۔ ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے بھی واضح الفاظ میں لکھا کہ “ہم سب فینز کی واپسی چاہتے ہیں”۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست، کراچی کنگز نے کامیابی سمیٹ لی
دیگر ٹیم مالکان نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے فینز کی اہمیت پر زور دیا۔ ٹیم راولپنڈیز کے مالک احسن طاہر کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستانی عوام کی میراث ہے اور ان کے بغیر یہ کھیل مکمل نہیں۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے فینز کی موجودگی کو پی ایس ایل کی حقیقی روح قرار دیا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ گراؤنڈ میں فینز کی انرجی ہی اس لیگ کی دھڑکن ہے۔ حیدرآباد کنگسمین کے مالک فواد سرور اور کراچی کنگز کے مالک نے بھی خالی اسٹیڈیمز پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر باؤنڈری اور وکٹ پر کراؤڈ کا شور دوبارہ سننا چاہتے ہیں۔




