آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے بورڈ آف ریونیو نے پراپرٹی کی منتقلی پر عائد اسٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 27 مارچ 2026 کو جاری ہونے والے اس نوٹیفکیشن کے مطابق، اسٹیمپس ایکٹ 1899 کے تحت مختلف اقسام کی دستاویزات پر نئی شرحیں نافذ کر دی گئی ہیں۔ بیعنامہ کی صورت میں زرعی اور شہری غیر منقولہ جائیداد پر اسٹیمپ ڈیوٹی 3 فیصد مقرر کی گئی ہے، جو کم سے کم 2000 روپے ہوگی۔ اسی طرح تبادلہ جائیداد اور کورٹ آرڈرز پر بھی اسٹیمپ ڈیوٹی کی شرح 3 فیصد رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پراپرٹی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری
نوٹیفکیشن میں ہبہ (گفٹ) کے حوالے سے بھی اہم وضاحت کی گئی ہے۔ قریبی خونی رشتوں جیسے ماں، باپ، بیوی، شوہر، بہن، بھائی اور بچوں کے حق میں جائیداد منتقل کرنے پر اسٹیمپ ڈیوٹی 2 فیصد ہوگی، جس کی کم از کم حد 500 روپے مقرر ہے۔ رجسٹریشن فیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہری جائیداد کی فروخت یا تبادلے پر قیمت کا 1 فیصد فیس ادا کرنی ہوگی۔ زرعی اراضی کی صورت میں یہ فیس 10 روپے فی 1000 روپے یا اس کا کچھ حصہ ہوگی۔ بینکوں کے ساتھ مارگیج کی صورت میں ڈیوٹی 0.25 فیصد اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔




