وادی نیلم (کشمیر ڈیجیٹل )وادی نیلم کے زیریں علاقے سیماری میں گزشتہ روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک طالب علم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ۔
حادثہ عامر پبلک سکول باڑیاں کے طالب علم معاذ بن منظور کے ساتھ پیش آیا جو سکول سے واپس اپنے گھر جا رہا تھا ۔
ذرائع کے مطابق معاذ بن منظور کو مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار موٹر سائیکل نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا ۔
حادثے کے بعد علاقے کے لوگ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور طالب علم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اے ڈی ایس جھمبر منتقل کیا گیا ۔
ابتدائی طبی معائنہ میں زخمی کی حالت تشویشناک اور زخم گہرے قرار دیے گئے، جس کے بعد طبی عملے نے اسے مزید علاج کے لیے مظفرآباد کے شیخ زید ہسپتال بھیجنے کا فیصلہ کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میلہ سے واپسی پر 2سگے بھائی موٹرسائیکل حادثے میں جاں بحق
ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد بھی معاذ بن منظور کی حالت مزید خراب ہوتی گئی اور وہ زخموں کی تاب نہ لا سکا، جس کے نتیجے میں اس نے زندگی کی بازی ہار دی ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور تعلیمی ادارے کے اہلکار موقع پر پہنچے اور متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، حادثہ موٹر سائیکل کی تیز رفتاری اور سڑک کے حفاظتی انتظامات کی کمی کی وجہ سے ہوا ۔
اہل روں نے کہا کہ مزید تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کہوٹہ پنجاڑ میں گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر،2کزنز جاں بحق
اس حادثے نے پورے علاقے میں غم اور صدمے کی لہر دوڑا دی ہے اور لوگوں نے طالب علم کی اچانک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔




