تہران

تہران اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بیک وقت دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں

ایران کے دارالحکومت تہران اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بیک وقت دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں،سرکاری و ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کا فضائی دفاعی نظام انتہائی سرگرم ہے ۔

عرب میڈیا کے مطابق سرکاری ذرائع نے تہران اور کرج میں فضائی دفاعی نظام کی نقل و حرکت اور دھماکوں کی اطلاع دی۔ ایرانی رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کے جنوب میں واقع شہر ری میں بھی ایک دھماکے کی خبر ملی ہے ۔

ایران کے ساحلی شہر بندر عباس میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی ۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران شہر کے مشرقی حصے میں واقع اس عمارت کے علاوہ دو دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، تاہم وہ اپنی جگہ قائم ہیں ۔

مقامی حکام نے بتایا کہ ایک لڑاکا طیارے نے عمارت کو نشانہ بنایا اور ایک عہدیدار کے مطابق اس حملے میں 3 افراد شہید ہوئے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایرانی قوم مجھے اپنا سپریم لیڈر دیکھناچاہتی ہے مگرمیں نے معذرت کرلی،ٹرمپ

خبر ایجنسی فارس کے مطابق جمعرات کی شام امریکی و اسرائیلی حملوں نے تہران کے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا جن میں مہر آباد ہوائی اڈے کے گرد و نواح بھی شامل ہیں ۔

باخبر امریکی ذرائع نے انکشاف کیا کہ اگر مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو تہران کے خلاف فوجی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔

امریکی ویب سائٹ ’’ایکسوس‘‘ کے مطابق، جمعرات کو کہا گیا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز بند کرتا ہے تو فوجی کارروائیاں بھی بڑھ سکتی ہیں ۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جنگ چند دنوں بعد دوسرے مہینے میں داخل ہو رہی ہے اور یہ سلسلہ اسرائیل اور ایران کے درمیان حملوں کے تبادلے کے طور پر جاری ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکہ ایران مذاکرات : امریکی کابینہ اجلاس میں پاکستان کے ثالثی کردار کا اعتراف

ایران کی جانب سے خلیجی ممالک کی طرف میزائل اور ڈرون داغے جا رہے ہیں، جن میں امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

Scroll to Top