مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے شجرکاری مہم بہار کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کا مقصد خطے کو سرسبز و شاداب بنانا اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ایوانِ وزیراعظم میں پودا لگا کر اس مہم کا آغاز کیا۔ اس پروقار تقریب میں وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات کے حکام کی جانب سے وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے اہداف اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن حویلی کو بڑا جھٹکا،درجنوں شخصیات فیصل راٹھور کے قافلے میں شامل
وزیراعظم نے بریفنگ کے دوران جنگلات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ماحولیاتی ضرورت ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آزاد کشمیر کے قدرتی حسن کو برقرار رکھا جا سکے۔




